کراچی ہسپتال میں دانت کا علاج کرانے آئے لڑکی غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق

Spread the love

نامزد ملزم کمپاوڈر شاہزیب گرفتار ہے ڈاکٹر ایاز مفرور ہے اور اسکی تلاش جاری ہے،پولیس

پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے اور کیمیکل ایگزامن رپورٹ کے بعد ہی لڑکی کی موت کی وجہ سامنے آسکے گی

کراچی(ہیلتھ، کرائم رپورٹر، ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) سرکاری اسپتال میں مبینہ طور پرغلط انجکشن لگنے سے 19سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ لواحقین کے احتجاج پر پولیس نے اسپتال سے نرسنگ اسٹاف سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ شہر قائد میں پرائیوٹ ہسپتال کی مبینہ غفلت کے بعد سرکاری ہسپتال میں بھی برتی جانے والی مجرمانہ غفلت کا واقعہ سامنے آگیا ہے۔

واقعات کے مطابق کورنگی میں واقع سندھ گورنمنٹ اسپتال میں دانت میں درد کے علاج کے لیے آنے والی 19سالہ لڑکی عصمت اس وقت انتقال کرگئی جب اسے درد میں آرام کے لیے انجکشن لگایا گیا۔متوفیہ ابراہیم حیدری کے علاقے کی رہائشی تھی۔ ہسپتال میں موجود لواحقین نے عصمت کے انتقال کا ذمہ دار اسپتال کے عملے کو ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ موت کا سبب غلط انجکشن تھا۔ لڑکی کی پراسرار ہلاکت پر ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سندھ گورنمنٹ اسپتال ڈاکٹر خرم کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کررہے ہیں۔19سالہ عصمت کے انتقال پر مرحومہ کی خالہ ریحانہ خاتون سمیت دیگر متعلقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے اور کیمیکل ایگزامن رپورٹ کے بعد ہی لڑکی کی موت کی وجہ سامنے آسکے گی۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے لڑکی کو لگایا جانے والا انجکشن بھی تحویل میں لے لیا ہے۔کراچی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ کورنگی عوامی کالونی میں درج کرلیاہے۔

متوفیہ عصمت کے بھائی غلام محمد کی مدعیت میں درج مقدمہ میں ڈاکٹر ایاز اور کمپاوڈر شاہزیب کو نامزد کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق غلام محمد نے پولیس کو بتایا کہ عصمت دانت کی تکلیف میں صبح 10 بجے سندھ گورنمنٹ اسپتال گئی تھی۔ ڈیڑھ بجے عصمت کے نمبر پر کال کی تو اٹینڈ نہیں ہوئی۔ایک نمبر سے کال آئی کہ عصمت کی طبیعت زیادہ خراب ہے جناح ہسپتال پہنچو۔

غلام محمد کے مطابق ابھی وہ راستے میں تھے کہ دوبارہ فون آیا کہ سندھ گورنمنٹ ہسپتال پہنچو۔ ہسپتال پہنچنے پر دیکھا تو عصمت کی لاش اسٹریچر پر تھی۔ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر ایاز نے انجکشن لکھا اور کمپاوڈر شاہزیب نے لگایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزم کمپاوڈر شاہزیب گرفتار ہے ڈاکٹر ایاز مفرور ہے اور اسکی تلاش جاری ہے۔

Please follow and like us:

Leave a Reply