زخمی فرحان کو جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا، حالت تشویشناک
حکمران کا بچہ ڈور سے مرے تو ایسی قانون سازی ہو گی کہ نام بھی نہ لیا جا سکے گا

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں 28 سالہ فرحان موٹرسائیکل پر اپنے گھر جا
رہا تھا کہ قاتل ڈور اس کے گلے پر پھر گئی۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا
جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے، غم سے نڈھال فرحان کے لواحقین نے حکومت سے پتنگ بازی پر فوری
پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر موجود شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر فیاض الحسن
چوہان کو خوب خوب بد دعائیں دیں جنہوں نے اس سوئے ہوئے فتنے کو پھر سے ہوا دے کر جگایا اور لوگوں
کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کسی حکم ران کا بچہ اس ڈور کا شکار ہو جائے تو اس
پتنگ بازی کے لیے ایسی قانون سازی ہو گی جس کے تحت پتنگ کا نام لینے پر بھی چھ ماہ قید ہو جائے گی۔
شہریوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے والوں کیخلاف
کریک ڈان کا حکم دیں اور پتنگ بازی کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کیلئے قانون سازی کریں۔