
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ میں بے قاعدگیوں کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی
کابینہ انڈین پریمیئر لیگ کے میچز دکھانے پر پابندی لگانے کی حتمی منظوری دے گی
کابینہ سماجی تحفظ اورخاتمہ غربت کی نئی وزارت کے قیام کی منطوری بھی دے گی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا، 19نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ میں بے قاعدگیوں کی رپورٹ بھی کابینہ اجلاس میں پیش ہوگی، کابینہ انڈین پریمیئر لیگ کے میچز دکھانے پر پابندی لگانے کی حتمی منظوری دے گی۔
کابینہ سماجی تحفظ اورخاتمہ غربت کی نئی وزارت کے قیام کی منطوری بھی دے گی۔ نیشنل انڈسٹریل ریلشنز کمیشن کے تین ارکان کی تقرری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو کی تقرری کی منظوری اورآئی پی او بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کی گئی۔ کابینہ سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ کی تقرری کی منظوری بھی دیگی۔ حکومت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین توانائی منصوبوں پر معاہدوں کی توثیق جائے گی۔
کابینہ ویژن ائیر کے لائسنس میں توسیع کی منظوری کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ماہانہ اتار چڑھاو کا بھی جائزہ لے گی۔ مختلف اداروں اور وزارتوں کے دیگر ممالک سے معاہدوں کی منظور ی بھی دی جائے گی۔ کراچی گارمنٹس سٹی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی۔
یاد رہے 26مارچ کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 20نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ عمران خان ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے دورے سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ اور شریف برادران کے کیسز پر مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات پرکابینہ کو بریف کیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری بھی دی گئی۔