وزیراعلیٰ کے ہنگامی دورے، عوامی شکایت اور کرپشن پراعلی افسران معطل

Spread the love

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ اورحافظ آباد کے ہنگامی دوروں میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ٹیچنگ ہسپتال،گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر،ماڈل پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا دورہ کیاجبکہ شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورصفائی کی ابتر صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سابق دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل گو جرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا اورکرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلی معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال کے دورے اورسرکٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کے دوران ہیلتھ کیئر کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ واسا میں ماضی کے دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

Please follow and like us:

Leave a Reply