سانحہ کرائسٹ چرچ: آج ملک بھر میں سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنِگوں رہے گا

Spread the love

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس 22مارچ کو ترکی میں طلب کرلیا گیا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یاد میں آج ملک بھر میں سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنِگوں رہے گا جبکہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس 22مارچ کو ترکی میں طلب کرلیا گیا ہے.وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ ان کی ترکی کے وزیرخارجہ سے بات ہوئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس 22 مارچ کو استنبول میں ہوگا، اجلاس کا مقصد مسلم امہ کو واقعے کے بعد اکھٹا کرنا ہے، اسلام فوبیا کے سدباب کے لیے مسلمان ممالک کے کردار پر بات ہوگی، میں او آئی سی اجلاس میں خود شرکت کروں گا .

تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ پر پوری قوم سوگ میں ہے، متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج تمام سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرِگوں رہے گا. وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ واقعے پراحتجاج ریکارڈ کرایا ہے‘ واقعے میں مجموعی طور پر50 افراد شہید ہوئے جن میں سے 9 پاکستانی ہیں، جبکہ ایک آئی سی یو میں ہے.وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم سوگ میں ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق 18 مارچ بروز پیر کو سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنِگوں ہوگا. یاد رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سفید فام دہشت گرد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 49 نمازیوں کو شہید کردیا تھا. پاکستان سمیت دنیا بھر سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی تھی‘

بعدازاں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے دہشت گردی کے حملوں میں زخمی افراد سے ہسپتال جاکر ملاقات اور اظہار تعزیت کیا تھا.زخمیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کررکھا تھا اور ان کا سربھی سیاہ رنگ کے دوپٹے سے ڈھکا ہوا تھا. اس موقع پر جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور اس مشکل وقت میں پوار نیوزی لینڈ ان کے ساتھ ہے‘ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اس سے قبل اس واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا تھا. وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے دوران حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم راشد کے لیے قومی ایوارڈ کا اعلان کیا تھا۔

Please follow and like us:

Leave a Reply