180

پا ک بھارت کشیدگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ جاپان منسوخ کردیا

Spread the love

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی مظالم پر پاکستانی وزارت خارجہ میں اہم اجلاس

سابقہ سیکرٹریز خارجہ اور سفارتکاروں کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر جامع اور مربوط لائحہ عمل تیارکریں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(کے پی آئی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ جاپان منسوخ کردیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 24 سے 27 فروری تک جاپان کا اہم دورہ کرنا تھا جس کے لیے انہیں اتوار کو علی الصبح روانہ ہونا تھا تاہم انہوں نے یہ دورہ منسوخ کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے دورے کی منسوخی کا فیصلہ جاپانی حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا، دورے کے دوران وزیر خارجہ کی جاپان کے وزیراعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں طے تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے سے متعلق نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں : مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال اور بھارتی جارحانہ عزائم پر اتوار کو وزارت خارجہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی جارحانہ رویے پر شرکا نے تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹریز خارجہ اور سفارتکاروں سے مشاورت کی جارہی ہے جن کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کریں گے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ سابق خارجہ سیکرٹریز کے ساتھ خارجہ پالیسی امور پر مشاورت سود مند رہی ہے۔

دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے بعد دفترخارجہ نے کرائسز مینجمنٹ سیل تشکیل دیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا اور سفارتی و سرحدی صورتحال کے حوالے سے رابطے میں رہے گا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے جہاں حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں 10 ہزار اضافی بھارتی فوجی تعینات کردیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں