114

مقبوضہ کشمیر میں خون خرابے کی تمام ترذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے ،سیدعلی گیلانی

Spread the love
سید علی گیلانی اور اشرف صحرائی۔ فائل فوٹو

سرینگر(وائس آف اشیا)مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میںجاری خون خرابے کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے لتر میںشہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آزادی کو جبری طور پر چھین رکھاہے جس کے حصول کیلئے کشمیری عوام عظیم اور بے مثال قربیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنی قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں لہٰذا یہ ہماری ذمہ داری ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے مقصد کے حصول تک جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر کی غیر یقینی صورتحال اور عدمِ استحکام کی وجہ سے بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی زندگیاں کازیاں ہو رہا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرنے کے بجائے ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں اور خطے پر طاقت کے زور پر اپنا جبری قبضہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے پلوامہ کے کئی دیہات میں لوگوں کے گھروں پر چھاپوں، لوگوں کی مارپیٹ اور 9نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد تلاشی کارروائیوں کے نام پر عام لوگوں کو سخت عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد قصور یہ ہے کہ انہوں نے بھارت کے جبری قبضے کو کبھی قبول نہیں کیا ہے مگر بھارت جموںوکشمیر کے زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے حقِ خودارادیت کی تحریک کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال کر ریا ہے جو عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھی ایک بیان میں جنوبی کشمیر کے علاقوںآری ہل، آڑی گام ، سوگن ، تاریگام اور دیالگام میں بھارتی فورسز کے محاصروں، تلاشیوں اور جوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو ایک منصوبہ بندطریقے سے قتل، گرفتار اور دیگر چیرہ دستیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ آزادی کی عظیم جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کو جابرانہ کارروائیوں کے ذریعے ہرگز خوفزدہ اور زیر نہیں کیا جاسکتادریں اثناسید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی نے نے معروف کالم نویس زیڈ جی محمد کے بھائی غلام حسن زاہد ، کشمیر نیوز سروس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ کے والد خواجہ محمد سبحان بٹ اور جامع مسجد کشتواڑ کے امام وخطیب مولانا قاضی غلام نبی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور غمزدہ لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں