31

رمیز راجہ تین سال کیلئے بلامقابلہ پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین منتخب

Spread the love

رمیز راجہ چیئرمین منتخب

لاہور (صرف اردو آن لائن نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ تین سال کیلئے بلامقابلہ پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہوگئے۔

بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کیلئے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہوا۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے انتخاب کرایا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجہ کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے رمیز راجا کے کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ کے بعد وہ چوتھے کرکٹرز اور تیسرے سابق کپتان ہیں، جنہوں نے بطور سربراہ کرکٹ بورڈ کا چارج سنبھالا ہے۔گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اسد علی خان، جواد قریشی، عاصم واجد جواد،عارف سعید اوعالیہ ظفر نے شرکت کی۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی اس اہم اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس کے شرکا نے رمیز راجہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس کے بعد انہوں نے چیئرمین کی کرسی پر بیٹھ کرچیف الیکشن کمشنر اور بورڈ ممبران کا شکریہ اداکیا۔

رمیزراجہ نے کرکٹ کی بہتری کیلئے مستقبل کے پلانز پر روشنی ڈالی اورکہا میں آپ کیساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں اور پرواز چڑھائیں۔میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اس سوچ، ثقافت و نظریے کو متعارف کروانا ہے جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا،

ہم سب کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کی مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں۔رمیز راجہ نے احسان مانی کی جگہ لی ہے جن کی گزشتہ ماہ تین سالہ مدت پوری ہوگئی تھی۔

رمیز راجہ اور اسد علی خان کو پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اسد علی خان کو احسان مانی کیساتھ بھی نامزد کیا گیا تھا۔اس وقت بورڈ آف گورنرز کے مجموعی 10 اراکین میں سے 7 موجود ہیں جن میں عا صم واجد جاوید، عالیہ ظفر، اسد علی خان، عارف سعید، جاوید قریشی، رمیز راجا اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان شامل ہیں۔

صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے بقیہ 3 اراکین کا انتخاب ہونا باقی ہے جو احسان مانی کے دور کے دوران سامنے آنے والی بڑی خامی ہے۔یاد رہے رمیز راجہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے 18ویں اور ایک روزہ کرکٹ میں 12ویں کپتان رہے ہیں۔

انہوں نے 1984 سے 1997 تک اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر میں مجموعی طور پر 255 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 ہزار 674 رنز بنائے۔وہ 2003 سے 2004 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

رمیز راجہ چیئرمین منتخب

ڈاکٹر وحید قریشی بطور محقق

قارئین : ہماری کاوش پسند آئے تو شیئر ، اپڈیٹ رہنے کیلئے فالو کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں