241

پانچواں پاکستان میگا لیدر شو 2019ء اختتام پذیر ہو گیا

Spread the love

پانچواں پاکستان میگا لیدر شو 2019ء اختتام پذیر ہو گیا۔ ایونٹ کا آغاز لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں 27 جنوری کو ہوا جو 29 جنوری تک جاری رہا۔ اس تین روزہ ایونٹ میں 150 سے زائد اسٹالز کی نمائش ہوئی اور 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جہاں انہیں اہم معلومات اور ملکی و بین الاقوامی صارفین کے ساتھ نیٹ ورکنگ مواقع تک رسائی فراہم کی گئی۔

پاکستان میگا لیدر شو چمڑے کی مصنوعات کی وسیع رینج بشمول جوتا سازی، ملبوسات، دستانے وغیرہ کے فروغ کے لئے سالانہ ایونٹس کی ایک متحرک سیریز ہے۔ اس ایونٹ کا انتظام فٹ ویئر، چمڑے کی مصنوعات، ٹینریز، گلوز اور لیدر کے ملبوسات سمیت چار اہم صنعتی ایسوسی ایشنز نے کیا تھا۔

پی ایم ایل ایس 2019ء ملکی تاریخ میں چمڑے کی مصنوعات کے شعبہ میں سب سے بڑی نمائش تھی۔ غیر ملکی نمائش کنندگان میں چین کی بہت سی کمپنیاں بھی شامل تھیں جنہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی چمڑے کی صنعت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ یہ ایونٹ بزنس ٹو بزنس میٹنگز پر بھی مشتمل تھا جو ایونٹ کے تینوں روز منعقد ہوئیں۔ اس شاندار نمائش میں بہت سے بین الاقوامی فٹ ویئر جرنلسٹس، فٹ ویئر ڈیزائنرز اور فٹ ویئر و چمڑے کے سامان کے خریدار اور پاکستانی صارفین نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے جنوبی ایشیاء کے دوسرے بڑے ایونٹ ’’پاکستان میگا لیدر شو 2019ء‘‘ (پی ایم ایل ایس 19) کا 28 جنوری 2019ء کو افتتاح کیا۔ اٹلی کے سفیر ڈاکٹر سٹیفانو پونٹی کوروو نے ایونٹ میں خصوصی شرکت کی ۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود نے پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے ممبران کو اس ایونٹ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

چیئرمین پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) حسن جاوید اور چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) آغا سیدین نے افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان کی لیدر انڈسٹری کی صلاحیتوں سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میگا لیدر شو 2019ء ایک عظیم کامیابی ہے۔ کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور اس صنعت کے دیگر شراکت داروں کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے کو ملا ہے۔

پاکستان میگا لیدر شو 2019ء جنوبی ایشیا کی دوسری بڑی فٹ ویئر و لیدر نمائش ہے۔ چمڑے سے تیار کی جانے والی اشیاء سمیت چمڑے کی پیداوار پاکستان کے مینوفیکچرنگ شعبہ میں دوسری بڑی برآمدی صنعت ہے۔ اس صنعت کی تیز رفتار ترقی نے متعدد بین الاقوامی خریداروں کو اس صنعت کے لئے تربیتی سہولیات میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا۔ اس سرمایہ کاری سے چمڑے کی اشیاء کی تیاری میں مصروف مزدوروں کی پیداواری اور تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

پی ایم ایل ایس 2019ء نے چین، بھارت، اٹلی، جرمنی، ہانگ کانگ، قبرص، امریکہ، متحدہ عرب امارات، سپین اور تیونس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

اس شو کے بڑے پیمانے پر انعقاد اور اس کے فوائد کو دیکھتے ہوئے حکومتی شعبہ کی جانب سے بھی زیادہ سے زیادہ شرکت رہی۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، وزارت خزانہ، وزارت صنعت اور دیگر ریگولیٹری اداروں نے اس نمائش کے انعقاد کے لئے بے مثال تعاون فراہم کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں