امان اللہ ردِ عمل

امان اللہ خان کو اللہ نے اپنی امان میں لے لیا

Spread the love

لاہور(امان اللہ خان انتقال) (مدثر بھٹی سے) کنگ آف کامیڈی امان اللہ خالق حقیقی سے جاملے، اہل خانہ کے مطابق امان اللہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔چند روز قبل ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی جس پر انہیں لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ گذشتہ ماہ بھی امان اللہ خان کو طبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا تھا۔

واضح رہے کنگ آف کامیڈی امان اللہ طویل عرصہ دنیا نیوز سے وابستہ رہے، ان کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مدثر بھٹی کا کالم ’’میرا جسم تیری مرضی‘‘ پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

امان اللہ 1950کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔بلکہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اس وقت امان اللہ خان اس وقت سب سے معمر اداکار تھے اور انتقال کے وقت ان کی عمر قریب 70 برس تھی۔ امان اللہ خان کے اجداد کلاسیکی گائیکی میں اپنی مثال آپ تھے۔ امان اللہ خان بچپن میں کلاسیکی موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور انہیں مختلف لوگوں کی آواز کاپی کرنے میں غیر معمولی مہارت تھی خاص طور پر استاد غلام علی خان اور عالم لوہار کا لب و لہجہ جس طرح کاپی کرتے تھے خالی آواز سن کر پہچاننا بہت مشکل تھا۔

امان اللہ خان نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا تھا کہ بچپن میں وہ بسوں میں گولیاں ٹافیاں اور سڑکوں پر گٹا بھی بیچا کرتے تھے۔

مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے معروف کامیڈین و اداکار امان اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مرحوم امان اللہ طویل عرصے سے علیل تھے اور انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت سمیت دیگر شخصیات نے بھی امان اللہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اداکار ہمایوں سعید کی جانب سے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ہمایوں سعید نے امان اللہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’امان اللہ صاحب لیجنڈ اور کامیڈی کے بادشاہ تھے، اللہ انہیں جنت میں جگہ دے۔اداکار فیصل قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’امان اللہ صاحب کا انتقال ہوگیا ہے، اللہ پاک ان کی مغفرت کریں۔معروف ڈیزائنر عاصم جوفا نے کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری نے امان اللہ کے ساتھ اپنی پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے ایک تصویر بھی شیئر کی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے بھی امان اللہ کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا۔واضح رہے کہ امان اللہ خان اسٹیج، ٹی وی اور فلموں کا بڑا نام ہیں۔ انہیں 2018 میں صدراتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

امان اللہ خان انتقال

امان اللہ خان انتقال

ہمیں فالو کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں