161

عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر مدثر نذر پھوٹ پھوٹ کر رو دئیے

Spread the love

سابق کھلاڑیوں کا عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

لاہور/اسلام آباد (صرف اردو ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ لیگ سپنر عبدالقادر کی اچانک موت نے کرکٹ حلقے کو سوگوار کردیا۔ماضی کے عظیم لیگ سپنر اور کرکٹ کے حلقوں میں ‘بائو’ کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر جمعے کی شب حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔سابق کرکٹر مدثر نذر تو انتقال کی خبر سن کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ انہوں نے کہا کہ عبد القادر ساتھی کرکٹر ہی نہیں میرا بھائی تھا، مدثر نذر نے کہا کہ قادر بھائی نے لیگ اسپن کا آرٹ متعارف کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کے انتقال کا یقین نہیں آرہا، اللہ کرے یہ خبر جھوٹی ہو۔وزیراعظم عمران کے آفیشل فیس بک اکائونٹ سے ان کی اور عبدالقادر کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں دونوں کرکٹ میدان میں کھڑے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور سابق کپتان معین خان نے ان کے انتقال کو کرکٹ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے بھی عبدالقادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

سابق آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ دو لیجنڈز، عابد علی اور عبدالقادر کے انتقال کا سن کر کافی افسوس ہوا، دعا ہے اللہ دونوں کے خاندانوں کو صبر عطا کرے، دونوں شخصیات نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام اونچا کیا۔ آل رائونڈر شعیب ملک نے کہا کہ میری ہمدردیاں قادر صاحب کی فیملی کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے۔ فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ عبدالقادر کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، اللہ عبدالقادر کے خاندان کو صبر عطا فرمائے۔ سابق فاسٹ بولر اظہر محمود نے کہا کہ قادر بھائی کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ دنیا عبدالقادر کو جادوگر کہا کرتی تھی، عبدالقادر واقعی ایک جادوگر تھے، عبدالقادر کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ لیگ اسپن بولنگ کا سارا کریڈٹ عبدالقادر کو جاتا ہے، انہوں نے نئی جنریشن کو لیگ اسپن بولنگ کیلئے متاثر کیا۔
کرکٹر

اپنا تبصرہ بھیجیں