تنظیم المدارس کے 25 کروڑ سود پر دینے کا معاملہ، تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کا مفتی منیب الرحمن پر عدم اعتماد، جواب طلب

Spread the love

عدم اعتماد مقامی بینک میں سود پر پیسہ رکھنے کی بنیاد پر ہوا ہے

اگلے ماہ ہونے والے الیکشن رکوانے کے لئے عدالت سے رجوع کریں گے، مفتی ڈاکٹر کریم خان ترجمان ایکشن کمیٹی

لاہور(نامہ نگار)تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان میں بغاوت ہو گئی۔ تنظیم المدارس سے منسلک دو سو سے زائد مدارس کے ناظمین نے تنظیم کے موجودہ صدر مفتی منیب الرحمن اور ناظم اعلی صاحبزادہ عبدالمصطفے ہزاروی کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر دیا اور اگلے ماہ ہونے والے الیکشن کو رکوانے کے لئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا۔ دو مدارس کے ناظمین نے مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی قائم کر کے اپنے مطالبات اور خدشات کا دوٹوک اظہار کیا۔ تنظیم المدارس کی موجودہ قیادت سے پچیس کروڑ روپے مسلم کمرشل بینک میں فکس کر کے سود لینے کا جواب مانگ لیا گیا۔

دو سو مدارس اہل سنت کے نمائندگان کا اہم اجلاس جامعہ علمیہ اچھرہ لاہور میں منعقد ہوا جس میں مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ملک بھر کے مدارس سے رابطوں کے لئے پانچ رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جس میں سید واجد گیلانی (کنوینر)، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان (ترجمان)، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، علامہ راحت عطاری، حاجی عبدالخالق کو شامل کیا گیا ہے۔ قانونی جنگ لڑنے کے لئے تین سینئر وکلا پر مشتمل لیگل کمیٹی بھی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں غلام مصطفے چوہدری ایڈووکیٹ، رانا عظیم اکرم ایڈووکیٹ اور ملک محمد شاہد ایڈووکیٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

اہل سنت مدارس ایکشن کمیٹی کو سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور پنجاب اسمبلی کے سابق رکن پیر سید محمد محفوظ مشہدی کی تائید و حمایت بھی حاصل ہے۔ مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تنظیم المدارس کی موجودہ کابینہ کی مدت پوری ہو چکی ہے اس لئے موجودہ عہدیداران کو برطرف کر کے غیر جانبدار افراد پر مشتمل عبوری انتظامیہ کی نگرانی میں شفاف الیکشن کروایا جائے۔ جعلی ووٹرز لسٹوں کی چھان بین کی جائے۔ موجودہ بوگس ووٹرز لسٹ پر الیکشن نقابل قبول نہیں ہوں گے۔ غیر جانبدار افراد پر مشتمل نئی انتخابی کمیٹی بنائی جائے جس میں موجودہ کابینہ کا کوئی فرد شامل نہ ہو۔ ایم سی بی میں فکس کروائے گئے پچیس کروڑ واپس لئے جائیں ۔ مفتی منیب الرحمن گذشتہ الیکشن کے موقع پر آئندہ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا وعدہ پورا کرتے ہوئے صدارت کا امیدوار نہ بننے کا اعلان کریں اور کاغذات نامزدگی واپس لیں۔

مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا ہے کہ تنظیم المدارس کی موجودہ قیادت کی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اقدامات کی تفصیلات پر مشتمل وائیٹ پیپر شائع کیا جائے گا اور ملک بھر کے مدارس کا دورہ کر کے ایکشن کمیٹی کا دائرہ وسیع کریں گے۔مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں جن مدارس کے نمائندگان نے شرکت کی ان میں جامعہ رضویہ مظہر الاسلام فیصل آباد، جامعہ علمیہ لاہور، المرکز الاسلامی لاہور، جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ منڈی بہاؤالدین، جامعہ نعیمیہ نارووال، جامعہ اسلامیہ غوثیہ چکوال، جامعہ جلالیہ مظہر الاسلام اسلام آباد، جامعہ حیدر یہ سلیمانیہ گجرات، جامعہ فاروقیہ رضویہ لاہور، جامعہ نعیمیہ رضویہ قصور، ادارہ مصباح القرآن ساہیوال، جامعہ زبیر بن محمود قصور، جامعہ اسلامیہ ام اجمل شیخوپورہ، جامعہ اسلامیہ انوار مدینہ بھکر، دارالعلوم عتیقیہ رضویہ سیالکوٹ، جامعہ غوثیہ رضویہ سیالکوٹ، جامعتہ القرآن لاہور، جامعہ سیلیمانیہ رضویہ منڈی بہاؤالدین اور دیگر دو سو مدارس شامل ہیں۔


Notice: Undefined variable: aria_req in /backup/wwwsirfu/public_html/wp-content/themes/upress/comments.php on line 83

Notice: Undefined variable: aria_req in /backup/wwwsirfu/public_html/wp-content/themes/upress/comments.php on line 89

Leave a Reply