190

عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں، یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

Spread the love

یوم دفاع پر 12 بجے ملک بھر میں سائرن اور قومی وکشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا

آرمی چیف شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات کریں گے،میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ یوم ِ دفاع و شہدا 2019 شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور ہم یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کریں گے۔

آئی ایس پی آر میں یوم دفاع و شہدا 2019 کے حوالے سے کانفرنس ہوئی جس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی، کانفرنس میں یومِ دفاع و شہدا کی تقریبات سے متعلق بات چیت کی گئی اور پروگرام ترتیب دیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پچھلے سال پہلی دفعہ ہر شہید کے گھر جانے کا پروگرام شروع کیا گیا جو جاری رکھا جائے گا، پچھلے سال بہت اچھا ریسپانس رہا، ہر شہید کو یاد کیا گیا، اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے، عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ حکومت کے اعلان کے مطابق 12 بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے، 12 بجے قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا، پوری قوم اپنے اپنے علاقے اور دفاتر میں اکٹھی ہو گی، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا ، ملکی ہیرو، شوبز اور میڈیا کے نمائندے اور میڈیا بھرپور شرکت کرے گا۔جب کہ گلی، محلے، گاوں اور شہر میں شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی، کشمیر بنے گا پاکستان تقریبات کا حصہ ہو گا، یومِ دفاع کی مناسبت سے چھانیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی تاہم فارمیٹ میں تبدیلی کے باعث اس سال سے یہ تقریب شام کے بجائے دن میں ہو گی، تقریب میں صرف شہدا کے لواحقین اورغازی شرکت کریں گے ، آرمی چیف جی ایچ کیو میں یاد گارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے، آرمی چیف شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں