178

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے واک کا انعقاد

Spread the love

اسلام آباد(مہتاب پیرزادہ سے)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (CUI) نے بدھ کے روز کشمیر کی مقبوضہ وادی میں ہندوستانی مسلح افواج کے مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اپنے تمام کیمپسز میں یکجہتی واک کی۔ اسلام آباد کیمپس میں واک کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر، ریکٹرکامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے کی۔ واک میں ڈینز، سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملہ کے ساتھ تمام بڑے افسران بھی شریک ہوئے۔

اپنے پیغام میں، ریکٹرکامسیٹس یونیورسٹی اسلام آبادنے کہا کہ بحیثیت پاکستانی، ہمارا فرض ہے کہ ہم کشمیر میں قابض فوج کے اشتعال انگیز سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی 1948 کی قرار داد کے مطابق رائے شماری کے انعقاد کے ذریعہ کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کیلئے کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد سے متعلق پاکستانی عوام کی حمایت کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ کشمیری عوام کو مسلسل بھارتی حکومتوں کے ظلم و بربریت کے ذریعہ اپنے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے ،جس میں بی جے پی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی موجودہ کوشش بھی شامل ہے۔

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے دیگر تمام کیمپسز نے بھی اپنے اپنے کیمپس میں واک کا انعقاد کیا اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ۔ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کشمیری عوام کی آزادی اور ان کے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کی اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں