143

عازمینِ حج سعودی عرب میں رہائش، کھانے،سفری و طبی سہولیات سے خوش ہیں

Spread the love

حج مشن کا عملہ پوری جانفشانی اور انتھک محنت سے کام کر رہے ہیں :وفاقی سیکرٹری مذہبی امور مشتاق بورانہ

اسلام آباد(مہتاب پیرزادہ سے) عازمینِ حج سعودی عرب میں رہائش، کھانے، سفری و طبی سہولیات سے خوش ہیں۔حج مشن کا عملہ پوری جانفشانی اور انتھک محنت سے کام کر رہا ہے۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق بورانہ نے مکہ کے مرکزی حج مشن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کہی۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری مذہبی امور نے آج مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن اور مختلف ڈسپنسریوں کا دورہ کیا اور عازمینِ حج سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حج پیکیج دیگر ملکوں سے سستا ہے تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم سہولیات پر کوئی سمجھوتہ کرینگے۔ وفاقی سیکرٹری نے مکہ مکرمہ میں موجود حج میڈیکل مشن کے مرکزی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے وہاں موجود مرد و خواتین کے میڈیکل وارڈ اور او پی ڈی شعبوں کے معائنہ کے دوران عازمینِ حج سے ان کا احوال دریافت کیا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے ہسپتال کی ڈسپنسری، شعبہ دندان، آئی سی یو وارڈ، جدید لیبارٹری اور ایکسرے مشینوں کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وفاقی سیکرٹری نے مکہ مکرمہ کے سیکٹر 4 اور 5 میں قائم ڈسپنسریوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری مذہبی امور کو اپنے درمیان پا کر عازمینِ حج نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عازمینِ حج کا کہنا تھا کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مدینہ منورہ میں بہترین رہائشوں کے ساتھ پاکستانی ذائقے کے کھانوں سے تواضع کی گئی تھی جبکہ مدینہ سے مکہ کا 450 کلومیٹر کا سفر بھی نہایت آرام دہ رہا۔ عازمینِ کرام نے مکہ کی رہائش گاہوں ، حرم کیلئے بسوں کے نظام ،کھانے کے معیار اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ میاں مشتاق بورانہ نے عازمینِ حج کو یقین دلایا کہ اس سال حج کی سہولیات کو پہلے سے بھی بہتر پائیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور اور دفتر امور حجاج پاکستان کی کوشش ہے کہ عازمینِ حج کو اپنے فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ ان کی ٹیم پوری جانفشانی اور انتھک محنت سے دن رات کام کر رہی ہے۔

انہوں نے عازمینِ حج کو کہا کہ وہ ملک و قوم کی ترقی کیلئے بھی دعا گو رہیں۔وزارت کی میڈیا ٹیم سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ رہائش، کھانے، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات سے عازمینِ حج بہت خوش ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ آنے والے سالوں میں بھی سرکاری حج سکیم اسی طرح ترقی کا سفر طے کرتی رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں