کولمبو(سپورٹس رپورٹر)مایہ ناز سری لنکن فاسٹ باؤلر لاستھ مالنگا نے ون
ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ
(کل)جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول پہلا ایک روزہ میچ ان کے کیریئر کا
آخری میچ ہو گا لیکن میں ٹی ٹونٹی کیریئر جاری رکھنا چاہتا ہوں اور آئندہ برس
شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ملک کی نمائندگی کرنا پسند کروں گا۔
مالنگا نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے
لئے باعث اعزاز ہے اور میں ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ شائقین سے
درخواست ہے کہ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں مجھے
آخری بار کھیلتے ہوئے دیکھنے کیلئے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیریئرکے آخری
میچ کو یادگار بنانے کیلئے خوب جان لڑائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2020 میں
شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ٹیم کی نمائندگی کرنا پسند کروں گا لیکن اگر ٹیم کو
مجھ سے بہتر باؤلر مل گئے تو سکواڈ سے نظر انداز ہونے پر کوئی ندامت نہیں
ہو گی۔35سالہ فاسٹ باؤلر اب تک 225 ایک روزہ میچز کی 118 اننگز میں
6.75 کی اوسط سے 335 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں لے کر ملک کے تیسرے
کامیاب ترین باؤلر ہیں۔ مرلی دھرن 523 اور چمندا واس 399 وکٹوں کے ساتھ ان
سے آگے ہیں۔