191

امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر نے بھارتیوں کو آئینہ دکھا دیا، بھارتی وزیر اعظم کے جھوٹ کا پول کھول دیا

Spread the love

کشمیر ثالثی پر بیان، ڈونلڈ ٹرمپ خود سے باتیں نہیں گھڑتے،ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا: مشیرلیری کڈلو

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے معاشی امور نے بھارتیوں کو آئینہ دکھا کر بھارتی وزیر اعظم کے جھوٹ کا پول کھول دیا،صحافی نے صدر ٹرمپ کے مشیر لیری کڈلو سے کشمیر پر ثالثی سے متعلق امریکی صدر کے بیان کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے بھارتیوں کے سامنے اصل بات کھول کر رکھ دی۔امریکی صدر کے مشیر سے پوچھا گیا کہ بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی تردید کر رہا ہے کہ نریندر مودی نے کشمیر پر ثالثی کے لئے ان سے کہا ہےکیا یہ بات صدر ٹرمپ نے خود گھڑی ہے؟

لیری کڈلو نے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکی صدر خود سے کوئی بات نہیں گھڑتے، میں اس سوال کو ہی انتہائی نامناسب سمجھتا ہوں، ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے،یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ دو ہفتے قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالث بننے کی درخواست کی اور کہا کہ کیا آپ ثالث بنیں گے، میں نے پوچھا کس چیز پر؟ تو مودی نے کہا کہ آپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر انڈین میڈیا اور سیاست میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی صدر کے مسئلہ کشمیر سے متعلق بیان پر خود وضاحت پیش کریں۔لیری کڈلو کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرتے، میرے خیال میں یہ بہت نامناسب سوال ہے، میں اس سے دور رہنا چاہتا ہوں، میں اس کا جواب دہ نہیں ہوں، جان بولٹن، پومپیو اور صدر خود اس کے بارے میں بتائیں گے، میں اس پر کوئی بات نہیں کر رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں