نوازشریف کیلئے ٹی وی،اے سی کی سہولت ختم کردوں گا، عمران خان

Spread the love

پہلی بار ملک ڈیزل کے بغیر چل رہا ہے، کسی سے حساب مانگیں تو کہتے ہیں انتقامی کارروائی ہوئی ہے۔

سب صرف تین لفظ سننا چاہتے ہیں این آر او، مگر میں کسی کو چھوڑو گا نہیں

واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل ون ارینا میں عوامی اجتماع سے خطاب

لاہور( وائس آف ایشیا ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ واپس جاکرنوازشریف کیلئے جیل میں ٹی وی، اے سی کی سہولت ختم کردوں گا، آصف زرداری سارا وقت ہسپتال میں گزارتا، اب جیل میں رکھیں گے، مریم بی بی بہت شور مچائے گی، لیکن پیسہ واپس کردیں جہاں مرضی جائیں۔

انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل ون ارینا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے سب نے عزت دی۔میں سوچا تھا کہ ہوٹل میں ہم پانچ سات سو پاکستانی بلائیں اور بات کروں گا۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنے زیادہ لوگ اسٹیڈیم میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ اندازہ بھی نہیں ہے کہ یہ ملک اللہ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔ اللہ نے ہمیں یہ ملک خاص نعمت کے طور پر دیا ہے۔ انشاء اللہ آپ ہر سال ملک کو تبدیل ہوتے دیکھیں گے، ہر سال ملک اوپر جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ جمہوریت دنیا میں کیوں آگے گئی اور بادشاہت پیچھے رہ گئی؟ جمہوریت میں میرٹ ہوتا ہے۔بادشاہت میں خون ،رشتے داری ہے،میرٹ نہیں ہے۔ دنیا میں جو ملک آگے گئے وہ میرٹ کی وجہ سے آگے گئے۔ میں کرکٹ کی مثال دیتا ہوں، آسٹریلیادنیا کی کامیاب ٹیم ہے۔ کیونکہ آسٹریلیا کے اندر جو نظام ہے وہ سارا ٹیلنٹ اوپر لے آتا ہے، وہاں میرٹ ہے۔ جبکہ دنیا میں کرکٹ کا ٹیلنٹ سب سے زیادہ پاکستان میں ہے۔لیکن پاکستان میں میرٹ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلے ڈیڑھ سوسال مغل بادشا رہے، ہندوستان سپر پاورتھا، ہندوستان کا جی ڈی پی 25فیصد سے اوپر تھا۔ لیکن بادشاہ کی وجہ سے مسلمان پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاکستان میں قائداعظم کے سوا کوئی لیڈر نہیں آیا۔اس کے بعد یہ ہوا کہ ہمارے ملک جمہوریت آئی لیکن میرٹ نہیں آیا۔ نوازشریف کو ملٹری ڈکٹیٹر نے وزیراعظم بنادیا، ان کے بھائی وزیراعلیٰ بنے کہ ان کے بھائی وزیراعظم تھے، ولی خان میں فیملی سسٹم، مولانا فضل الرحمان میں فیملی سسٹم آگیا۔آصف زرداری کاغذ کے ٹکڑے پر لیڈر بن گیا۔لیکن میرٹ نہیں تھا۔ چین کی جماعت زبردست جماعت ہے۔وہاں میرٹ ہے۔جمہویت میں ملک کا سربراہ جواب دہ ہوتا ہے۔

حضرت عمرؓسے ایک عام آدمی بھی پوچھتا تھا کہ کپڑا کہاں سے آیا۔ پاکستان میں جب ان سے جواب مانگتے ہیں تو یہ لوگ کہتے ہیں انتقامی کاروائی ہوگئی، جب عدالت فیصلہ کرتی ہے توکہتے کیوں نکالا؟ اب نیا پاکستان بن رہا ہے،اب جواب دینا پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان ، زرداری، نوازشریف سے پوچھو، سارے کہتے عمران خان کروا رہا ہے۔ ہم نے ان پر کوئی کیس نہیں کیا،تمام کیس ہم سے پہلے کے ہیں۔ ہم نے صرف اداروں کو آزاد کردیا ہے۔نبی پاک ﷺ کے فرمان کا مفہوم ہے کہ تم سے پہلے بڑی قومیں تباہ ہوئیں، کیونکہ ان کے ہاں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون تھا۔

70میں سوشلزم آیا، 50کی دہائی میں تباہی ہوئی۔چھانگا مانگا کی سیاست آئی۔ اس نے ملک کو تباہ کردیا۔ہم نے دوچیزیں لے کرآنی ہیں جو بھی آفس ہولڈر ہے، وہ جواب دہ ہو۔ اب یہ سارے اکٹھے ہوگئے ہیں۔پہلی بار پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے۔ ن جس کا کچھ پتا نہیں کیاہے؟ سکیولربلاول بھی ساتھ مل گیا ہے۔ان کا ایک مقصد ہے، تین لفظ سننا چاہتے ہیں کہ این آراو مل جائے۔میں سب کے سامنے کہنا چاہتا ہوں دنیا ادھر ادھر ہوجائے،مجھے ایک آدھ بادشاہ نے بھی سفارش کی ہے۔ہم نے بے نامی پراپرٹی پکڑنی شروع کردی ہیں۔اربوں روپے منی لانڈرنگ سے باہر گئے، ان سے بات شروع کردی کہ پیسا واپس لے کرآئیں۔دوسری چیز پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کرآنا ہے۔میرٹ کیلئے ہم جاگیردرانہ سسٹم ختم کریں گے، مرادسعید ، حماد اظہر جیسے لیڈر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کی انکوائری کروائیں گے، تب پتا چلے کہ ہوا کیا تھا؟ اس میں ہمیں بڑا فائن بھی ہوا ہے۔200ارب کے ایک جگہ تانبا اور سونا پڑا ہوا ہے۔ 10سال سے وہاں کام نہیں ہورہا ہے۔ اس کی وجہ کرپشن ہے، بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آتیں۔میں کئی کمپنیوں سے ملا ہوں، ہر کمپنی یہ بات کرتی ہے کہ پاکستان میں رشوت مانگتے ہیں۔

180ارب ٹن کا کوئلہ پاکستان میں پڑا ہوا ہے۔ یعنی ہم سعودی عرب سے زیادہ بجلی بنا سکتے ہیں۔پچھلے حکمران جتنا قرضہ چڑھا کرگئے ہیں ، ہم صاف شفاف حکومت دے کرپاکستان کواٹھا کردکھائیں گے۔ہم چینی کمپنیوں سے سی پیک کے اندر ایم اویوسائن کیا۔ پاکستان میں گائے 6لیٹر اور چین میں 24لیٹر دودھ دیتی ہے، ہم اس6لیٹر کو 12لیٹر کردیں تو دودھ کی برآمد کرسکتے ہیں۔

Please follow and like us:

Leave a Reply