امیر اہلسنت مولانا الیاس قادری 69 برس کے ہو گئے

Spread the love
Image result for ‫الیاس قادری‬‎

محمد الیاس قادری ایک پاکستانی میمن مسلمان عالم دین ایک انتہائی منکسر المزاج سادہ طبیعت انسان ہیں۔ عرصہ دراز سے دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔

آپ نے علم دین کسی مدرسے میں باقاعدہ حاصل نہیں کیا بلکہ مفتی اعظم پاکستان علامہ مفتی وقارالدین کی خدمت میں 22 سال مسلسل جاتے رہے۔ ان کی سادہ طبیعت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ انہوں نے آج تک کسی سے اس بات کا تذکرہ نہیں کیا کہ انہوں نے کوئی عصری تعلیم بھی حاصل کی ہے یا نہیں کہا جاتا ہے کہ ان کو فیض ربی سے دین کی خدمت کا فریضہ تفویض ہوا ہے اور وہ اس کام میں دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے تحریک دعوت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ محمد الیاس قادری 26 رمضان 1369ھ بمطابق 1950ء کو پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہوئے۔آپ کی کنیت “ابوبلال”اور تخلص “عطار” ہے۔ محمد الیاس قادری کو کئی سلاسل طریقت میں بیعت کی اجازت ہے، لیکن صرف سلسلۂ قادریہ میں بیعت کرتے ہیں۔ آپ کے مریدین کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ جو اپنے نام کے ساتھ عطاری لکھتے ہیں۔ الیاس قادری کی قائم کردہ تنظیم دعوت اسلامی اس وقت تک 200 سے زائد ممالک میں اپنے قافلے روانہ کر چکی ہے۔ دعوت اسلامی سو سے زائد شعبوں میں تقسیم ہے، اس کے تحت دنیاوی تعلیم کے ادارے دارالمدینہ کی پاکستان و بیرون پاکستان میں قائم شاخوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اور دینی تعلیم کے ادارے مدرسۃ المدینہ کی 500 سے زیادہ۔ الیاس قادری نے اپنی تحریک کے لیے فیضان سنت کے نام سے ایک ضخیم کتاب مرتب کی ہے، جس کی نئی اشاعت دو جلدوں پر مشتمل ہے اس کتاب کے کئی زبانوں میں ترجمے کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بچوں، عورتوں اور نوجوان نسل کے لیے سو سے زیادہ چھوٹے بڑے رسائل لکھ چکے ہیں۔ جن کو دعوت اسلامی کا ادارہ مکتبۃ المدینہ 35 زبانوں میں شائع کر رہا ہے۔ الیاس قادری اپنے سبز عمامہ کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ جو دعوت اسلامی کی علامت بن چکا ہے۔ الیاس قادری کا دیا ہوا نعرہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے، ان شاء اللہ عزوجل مدنی مقصد کہلاتا ہے۔

الیاس قادری جدید ذرائع ابلاغ سے تبلیغ اسلام میں یقین رکھتے ہیں، اردو میں اولین اسلامی ویب سائٹ 1996ء میں جاری کی اور اپنے پریس لگائے جہاں سے قرآن مقدس سمیت تنظیمی و اسلامی کتابوں کو شائع کرنا شروع کیا، 2008ء میں اپنا ٹی وی مدنی چینل کے نام سے شروع کیا۔ حال ہی میں فیضان مدینہ کے نام سے اردو و ہندی زبان میں ماہ وار رسالہ شائع کرنا شروع کیا ہے۔ الیاس قادری احتجاج، ہڑتال اور سیاست سے دور رہتے ہیں۔

Leave a Reply