بجٹ میں ٹیکسز کیخلاف 13جولائی کو شٹر ڈائون ہڑتال کی کال پر تاجر تنظیمیں تقسیم

Spread the love

لاہور(کامرس رپورٹر)حالیہ بجٹ میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف 13جولائی کودی

گئی شٹر ڈائون ہڑتال کی کال پر تاجر تنظیمیں تقسیم ہو گئیں ، ٹریڈرز الائنس نے

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے کامیاب مذاکرات کے بعد

13جولائی کی ہڑتال موخر کر دی جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ

ہمارے مطالبات وفاق سے متعلقہ ہیں صوبائی وزیر کیسے تسلیم کرنے کی یقین

دہانی کر اسکتا ہے ،13جولائی کی ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے اور عزت دار تاجر

اعلان کے مطابق ہڑتال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور تاجر

تنظیموں کے درمیان وزیر اعلیٰ آفس میں سات گھنٹے تک طویل مذاکرات کامیاب

ہوئے ۔ تاجر تنظیموں کے رہنمائوں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم

اقبال اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے

ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے ہیں لہٰذا اب

ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد اب مارکیٹیں اور دکانیں

بند نہیں ہوں گی ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر

گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے تمام جائز مطالبات کو مانا گیا ہے اور

بعض مسائل کے حل کیلیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا

کہ حکومت مخالف تنظیمیں پراپیگنڈا کر رہی ہیں کہ شناختی کارڈ ہر خریدار سے

طلب کیا جائے گاحالانکہ یہ شرط صرف مین ڈیلر کیلئے ہے ۔ عام دکاندار اور

گاہک کیلئے نہیں۔ سب ڈیلر کیلئے فکسڈ ٹیکس کا نظام لایا جا رہا ہے۔ حکومت

چھوٹے دُکانداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگا رہی اور نہ ہی اس بارے میں سوچا جا

رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملوں کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں صرف اُنہی

پر شناختی کار ڈ کی شرط لاگو کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیولرز ایسوسی

ایشنز کیلئے ٹیکس کا علیحدہ نظام ان کی مشاورت سے لائیں گے ابھی کسی چیز

کا اِن پر اطلاق نہیں ہوتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایف بی آر مارکیٹوں میں

چھاپے نہیں مارے گی اور نہ ہی کسی کا اکائونٹ منجمد کیا جائے گا۔ درآمدات پر

ٹیکس کے معاملے پربات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جن بل آف لینڈنگ

لا ء کے آنے سے پہلے کلیئر نہیں ہواان پرا بھی یہ نیا نظام لاگو نہیں ہوگا،پہلے

اِن کا بل آف لینڈنگ کلیئر کیا جائے گا۔ٹرانسپورٹر پر دو سے چار فیصد ٹیکس کی

جو بات ہو رہی ہے اِس حوالے وزیر اعظم سے بات کریں گے اِنشاء اللہ اِنہیں بھی

ریلیف ملے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 20

کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت نہیں بڑھے گی جو قیمت 2018 ء میں تھی وہی

قیمت یعنی 20 آٹے کا تھیلہ 770 روپے میں ملے گا۔ اس مقصد کیلئے حکومت کو

جتنی بھی سبسڈی دینا پڑی دے گی۔ آٹے کی قیمت کو کسی صورت بڑھنے نہیں

دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کی سستے داموں فراہمی کیلیے 42

ارب روپے کی سبسٹڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی سستے

داموں فراہمی پر اگر حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے تو قیمتوں پر

نظر رکھنا بھی حکومت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھی پر وفاقی حکومت نے

جو دو سے سات فیصد ٹیکس لگایا تھا یہ ٹیکس واپس لینے کے لیے سمری وزیر

اعظم کو بھیج دی گئی ہے اور یہ ٹیکس بھی انشاء اللہ واپس ہوگا اور گھی کی

قیمت بھی کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غریب آدمی پر کوئی

بوجھ نہ پڑے ۔سیمنٹ، گھی ، چینی پر ٹرن آور ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ورثے میں ملنے والے معاشی بحران کو

ٹھیک کرنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے اور ہم اس میں انشاء اللہ

ضرور کامیاب ہونگے۔ قبل ازیں حکومت اور تاجروں کے مابین طویل مذاکرات

ہوئے جس میں پاکستان ٹریڈز الائنس پنجاب کے صدر اور تاجرتنظیموں کے

عہدیداروں نے شرکت کی ۔دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی

گروپ )کے مرکزی صدر اشرف بھٹی آل پاکستان انجمن تاجران ( نعیم میر گروپ

) کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تاجروں کے ایک دھڑے کے حکومت سے

مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات وفاق کے

ساتھ تھے ، ایک صوبائی وزیر ہمارے مسائل کا حل کیسے کرسکتا ہے۔میاںاسلم

اقبال نے پریس کانفرنس میں ایف بی آر کا کوئی نوٹیفکیشن پیش نہیں کیا،مذاکرات

کرنے والے تاجروں کو لالی پاپ مل گیا ہے۔وزیراعظم پہلے ہی شناختی کارڈ کی

شرط ختم نہ کرنے کہہ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو عزت دار تاجر

ہڑتال کریں گے۔ نعیم میر نے کہا کہ بکائواور مفاد پرست ہڑتال کی مخالفت کریں

گے ،جو گروپ بھی تحریری دستخط شدہ ہڑتال کی مخالفت کرے گا تاجروں کا

غدار ہوگا اورتاجر غداروں کا خود محاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے

تاجروں پر دکان کے رقبے کے اعتبار سے ٹیکس لگایا جا چکا ہے،اسلم اقبال نے

بجٹ دستاویز پڑھی ہی نہیں،ریٹیلر کو مال خریداری کے وقت لازمی شناختی کارڈ

نمبر دینا ہوگا۔



Please follow and like us:

Leave a Reply