13جولائی کو پورے ملک میں شٹرڈاون ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے: آل پاکستان انجمن تاجران

Spread the love

موجودہ حالات میں دکاندار فکس ٹیکس دینے کی بھی سکت نہیں رکھتے ،مہنگی بجلی کے باعث بلوں کے تناسب سے سیلز ٹیکس کی تجویز قابل قبول نہیں

بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے تو اس طرح کی مشکلات پیدا نہ ہوں ‘ مرکزی صدر اشرف بھٹی

لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ظالمانہ بجٹ کیخلاف 13جولائی کو پورے ملک میں شٹرڈائون ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے ، انتہائی مہنگی بجلی کے باعث بڑے دکانداروں کیلئے بلوں کے تناسب سے سیلز ٹیکس کی تجویز قابل قبول نہیں، حکومت بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے تو اس طرح کی مشکلات پیدا نہ ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقتصادی ٹیم کے لوگ تاجروں سمیت کسی بھی شعبے کے لوگوں کو مطمئن نہیں کر سکے ۔ تاجروں کے تمام مطالبات جائز ہیں اس لئے 13جولائی کو پورے ملک میں شٹرڈائون ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے اور اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں سے سالانہ اربوں روپے ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے لیکن اس کے بدلے میں کسی طرح کی کوئی سہولت میسر نہیں ۔ حکومت پہلے سے ٹیکس دینے والو ں پر مزید بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسز کی وجہ سے ہر طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے ،عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کے اثرات کاروبار پر بھی پڑے ہیں۔ جس طرح کے معاشی حالات پیدا کر دئیے گئے ہیں ایسے میں چھوٹے دکاندار فکس ٹیکس دینے کی بھی سکت نہیں رکھتے جبکہ بڑے دکانداروں کے بجلی کے بلوں کے تناسب سے ٹیکس کے نفاذ کی تجویز بھی مہنگی بجلی کی وجہ سے قابل قبول نہیں

Leave a Reply