شیخ رشید کیخلاف توہین عدالت کیس، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی بدھ کو عدالت طلب

Spread the love

کیا پنجاب حکومت قبضہ گروپ بن گئی ؟ عدالت کا واضح حکم ہے گرلز گائیڈ کی زمین پر کوئی قبضہ نہیں ہوگا،جسٹس اعجاز الاحسن

وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر اتارنے کے لیے دیوار گرا کر درخت کاٹے گئے: عائشہ حامد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کیخلاف توہین عدالت کیس کی

سماعت کے دوران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو آج(بدھ کو) طلب کر لیا۔ منگل کو جسٹس شیخ عظمت

سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کیا پنجاب

حکومت قبضہ گروپ بن گئی؟ عدالت کا واضح حکم ہے گرلز گائیڈ کی زمین پر کوئی قبضہ نہیں ہوگا۔جسٹس

اعجاز الاحسن نے کہا کہ شیخ رشید کے بھتیجے ایم این اے شیخ راشد شفیق کو کہیں اپنی حد میں رہے، عدالتی

حکم کے باوجود دیوار کیوں گرائی گئی؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اتارنے کیلئے دیوار گرا

دی اور درخت کاٹے، گرلز گائیڈ لڑکیوں کا ادارہ ہے، دیوار گرنے سے بچیوں کی سرگرمیاں رک گئیں، جسٹس

شیخ عظمت سعید نے کہاکہ پنجاب حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دیگی تو کسی اور کو کہیں گے، بہتر ہوگا

بات وہاں تک نہ لیکر جائیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے موقف اپنایا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ بات کہیں اور

تک جائے، آج ہی دیوار کی تعمیر شروع کرینگے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ پنجاب حکومت آخر

راولپنڈی میں کر کیا رہی ہے؟ عدالت کو اپنے حکم پر عمل کروانا آتا ہے، کمشنر ، ڈی سی اور وہ سب ملزم

ہیں جن کے حکم پر دیوار گری۔ جسٹس اعجازا لاحسن نے سوال کیا کہ کیا ہسپتال تک ہیلی کاپٹر کے علاوہ

کوئی سواری نہیں جاتی؟ درخواست گزار کی وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ لڑکیوں اور انکی ٹرینرز کو دھمکیاں

مل رہی ہیں، گرلز گائیڈ کی تمام سرگرمیاں رک چکی ہیں۔ جبکہ وزیراعظم نے خود جا کر ہسپتال کا فیتا کاٹا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا گیا شیخ رشید نے ڈی سی کو فون پر کہا عدالتی

حکم کی پرواہ نہیں اور شیخ رشید کے بھتیجے ایم این اے راشد شفیق نے خود موقع پر آ کر دیوار گروائی۔

عدالت نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔

Leave a Reply