نائٹ ٹیسٹ، پاکستانی کرکٹرز کیلئے 1ملین ڈالر کا خصوصی پیکیج تیار

Spread the love

فلڈ لائٹس میں کھیلنے پر گرین کیپس کی عدم دلچسپی کے بعد آسٹریلیا کا آپشن پرغور،پی سی بی کینگروز کے نہ آنے پر ناراض

سڈنی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی بھی ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں دلچسپی ختم ہونے لگی جب کہ کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کو منانے کی کوششیں تیز کردیں، کھلاڑیوں کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج بھی دیا جا سکتا ہے۔آسٹریلیا ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تسلسل سے انعقاد کیلئے کوشاں تاہم مہمان سائیڈز مسلسل انکار کررہی ہے

گذشتہ برس بھارت نے رات کو پنک گیند سے طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کو امید تھی کہ رواں برس پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی۔آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی اس پر تیار بھی ہوگیا تھا تاہم آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے ٹور سے انکار پر اس نے بھی سخت ردعمل کا فیصلہ کیا،اب کرکٹ آسٹریلیا پر واضح کیا گیا ہے کہ وہ نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیل سکتا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آسٹریلیا سے گذشتہ ماہ یو اے ای میں کھیلی جانے والی 5ون ڈے کی سیریز کے 2میچز اپنے ملک میں کھیلنے کی درخواست ہوئی تھی جسے سی اے نے اپنے سیکیورٹی ماہرین بھیجے بغیر ہی مسترد کردیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیاکہ جس طرح کرکٹ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تاریخ کے پہلے نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلیے مہمان پلیئرز کو ایک ملین ڈالر کا خصوصی پیکج دیا تھا، ایسا اس بار بھی کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی اس موسم گرما کی اپنی دوسری مہمان سائیڈ نیوزی لینڈ کو پرتھ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر راضی کرچکا ہے۔ادھر کرکٹ آسٹریلیا پر بھارت کی جانب سے بھی دبا ہے کہ وہ جنوری میں ون ڈے سیریز کیلیے اپنی ٹیم ان کے ملک بھیجے، گذشتہ 40برس کے دوران کبھی بھی کینگروز نے اپنے ہوم سیزن کے دوران کسی دوسرے ملک کا ٹور نہیں کیا، اسی لیے بھارتی مطالبے پر بھی حکام پریشانی میں مبتلا ہیں۔

Please follow and like us:

اپنا تبصرہ بھیجیں