کارکن احتجاج سے گریز کریں، 23مارچ کوصرف یوم پاکستان منائیں،نوازشریف

Spread the love

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد میاںنواز شریف نے

پارٹی کارکنوں کو 23مارچ کو جیل کے باہر جمع ہونے سے روکتے ہوئے کہا

ہے کہ 23مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں ، ملکی ترقی

و خوشحالی کیلئے دعا کریں اورصبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، اللہ تعالی کے

فضل و کرم سے میرے دامن پر بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں،اسی لئے میں نے

ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ،میں آپ سب کی محبت و خلوص

اور قربانیوں کا مقروض رہوں گا،جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل

کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے۔کوٹ

لکھپت جیل لاہور سے کارکنوں کے نام پیغام میں میاں نوازشریف نے کہا کہ میں

اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی، دعائوں اور نیک تمناوں کیلئے تہہ

دل سے مشکور ہوں۔نواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن)کے ووٹر، کارکن اور

چاہنے والوں نے جس طرح میرے مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھایا

اور نبھاہ رہے ہیں، اس کی شاید مثال ملنا مشکل ہے،میں آپ سب کی محبت و

خلوص اور قربانیوں کا مقروض رہوں گا۔انہوں نے کہا مجھے علم ہوا ہے کہ

میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار

کیلئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اورمیرے حق میں آواز اٹھانے کیلئے شاید کوئی

احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں،میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر

کرتا ہوں۔نواز شریف نے کہا جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد

آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے۔ مگر میں آپ سب

سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔

میاںنواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ

فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت

رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا۔ کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی

ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال

ضروری ہے۔انشااللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے

جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی۔



اپنا تبصرہ بھیجیں