پارٹی صدارت امانت، نواز شریف کیساتھ ناانصافی کا خاتمہ ہوتے ہی انہیں لوٹا دونگا،شہبازشریف

Spread the love

لاہور (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وقومی اسمبلی میں قائد

حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاہے بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا

چاہتا تھا مگر پاک فوج کے بروقت اور بہترین اقدام نے بھارتی خواب چکنا چور

کر دیا،نواز شریف اور (ن)لیگی کارکنوں نے مجھے بطور صدر جماعت جو

بھاری ذمہ داری دی اس کو نبھانے کی پوری کوشش کر رہا ہوں یہ میرے پاس

امانت ہے،جب نواز شریف کیساتھ ناانصافی کا خاتمہ ہو گا تو یہ امانت ان کے

حوالے کر دی جائے گی۔وہ گزشتہ روزجمعہ کوملاقات کرنیوالے آزادجموں و

کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس اور وزیر تعمیرات

عامہ چوھردی محمد عزیز سے گفتگو کر رہے تھے ، وزیر اطلاعات راجہ مشتاق

احمد منہا س نے اس موقع پر شہباز شریف کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دی جو

انہوں نے قبول کر لی، شہباز شریف کا مزید کہنا تھا پوری پاکستانی و کشمیری

قوم نے بھارتی جارحیت کیخلاف متحد ہو کر دنیا کو بتا دیا وطن عزیز کی سلامتی

کیلئے ہم سب ایک ہیں یہی وجہ ہے بھارت کو مذاکرات کی طرف واپس آنا پڑا۔

پلوامہ واقعہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی اپنی نااہلی تھی جسے جواز بنا کر

پاکستان پر دباو بڑھانے کی کوشش کی گئی اور اس سے فائدہ اٹھانا چاہا مگر اسے

ناکامی ہوئی۔ نواز شریف کے ویژن پر کشمیری عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار

کیا اور آزادکشمیر میں راجہ فاروق حید ر کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کی

حکومت قائم ہوئی۔ ہم سب نواز شریف کے کارکن ہیں اتحاد اور یکجہتی کے

ذریعے ہمیں آگے بڑھنا ہے ، کارکن کسی قسم کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور اپنا

دھیان صرف عوام کی خدمت پر مرکوز رکھیں اللہ کی ذات پر ہمیں پورا بھروسہ

ہے ہمیں اس ذات سے ہی انصاف کی توقع ہے پاکستانی عوام بھی سمجھ چکے ہیں

ان کے مینڈیٹ کی کس طرح توہین کی گئی اور کیسے اسمیں نقب لگائی گئی۔اس

موقع پر آزادکشمیر حکومت کے امور اور مسلم لیگ ن کے دیگر امور سے متعلق

بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے رہنماء سردار

فرحان اعظم بھی ملاقات میں موجود تھے۔



اپنا تبصرہ بھیجیں