منی لانڈرنگ کیس‘ زرداری، فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

Spread the love

بینکنگ کورٹ کے احکامات غیر قانونی ہیں، مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، درخواست میں موقف

کراچی(کورٹ رپورٹر، صباح نیوز، وائس آف ایشیا)سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی منتقلی سے متعلق بینکنگ کورٹ کے فیصلے کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور فریال تالپور بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے اپنے وکلا کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ پہنچے، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور نے اپنے وکلا کے ذریعے بینکنگ کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کو اسلام آباد منتقل کرنے کے فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا۔درخواست گزاروں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کے مقدمہ منتقلی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔درخواست گزاروں صدر کی جانب سے مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کا مقدمہ کراچی سے اسلام آبادمنتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو 20 مارچ کو طلب کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں