آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل‘ شہباز شریف اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش، سماعت 27 مارچ تک ملتوی

Spread the love

10 تنخواہ نہیں لی اخراجات اپنے جیب سے ادا کیے، اپنی ذاتی گاڑی سے سفر کیا علاج بھی اپنے خرچ پر کرایا، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو

نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے

لاہور (کورٹ رپورٹر، نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف ، وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف احتساب عدالت کے جج کی عدم موجود گی کے باعث آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کیس اور رمضان شوگر ملز کرپشن کیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔

ڈیوٹی جج جواد الحسن نے دونوں ریفرنسز کی سماعت کی۔ دوان سماعت تمام ملزمان کی حاضری لگائی گئی ۔ شہباز شریف اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب نے میرے خلاف جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہے۔ اس پرڈیوٹی جج جواد الحسن کا کہنا تھا کہ یہ آپ مقررہ وقت پر عدالت کو بتائیے گا یہ میرا کیس نہیں ہے۔ شہباز شریف اور دیگر ملزمان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ کے لئے جو مراعات منظور کیں وہ سمجھ سے بالاتر ہیں ۔ میں10 سال بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتا رہا، علاج معالجہ کے لئے بھی سرکار سے پیسے نہیں لئے اپنی وزارت اعلیٰ کے 10 سال ایک دفعہ بھی تنخواہ نہیں لی اورتمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتا تھا۔ گذشتہ 10سال میں نے سرکار کا ایک دھیلہ استعمال نہیں کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف تین دفعہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں ان کی صحت کے معاملہ میں حکومتی عدم تعاون تشویشناک معاملہ ہے۔ اگر نواز شریف کی صحت کو کچھ ہوا تو اس کی ساری ذمہ داری وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی حکومت پر عائد ہو گی ۔ ڈیڑھ سال قبل نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، وہ شوگر اور بلڈ پریشر کے بھی مریض ہیں، جیل میں ان کی طبیعت ٹھیک نہیں، حکومت نواز شریف کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور حکومت بدترین غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں