چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے: شاہ محمود قریشی

Spread the love
فائل فوٹو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر مکمل طور پر متفق ہیں، اس بہت بڑے منصوبے سے متعلق اگر کسی کے ذہن میں کوئی شکوک وشبہات ہیں تو ایسے عناصر کو اس طرح کی سوچ کو ذہن سے نکال دینا چاہئے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ روس کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ

روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی گنجائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس کئی شعبوں میں پاکستان کی معاونت کر سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔ قطر کے ساتھ تجارتی تعلقات کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے آئندہ دورے کے دوران قطر کے ساتھ کاروباری تعلقات میں اضافہ کے لئے تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ جلد ہی مستقبل میں لاکھوں پاکستانیوں کو قطر میں ملازمتوں کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر اپنے آبائی وطن بھیجنے کا ایک اچھا ذریعہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں