وزیراعلیٰ پنجاب نے بارانی اضلاع کیلئے ٹریکٹرسکیم کے اجراء کی منظوری دیدی

Spread the love

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا -جس میںمحکمہ کوآپریٹو کی کارکردگی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ کوآپریٹو کو فعال اور متحرک محکمہ بنانے کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اورمحکمہ کوآپریٹو کے اثاثوں اور جائیدادوں کو لیز پر دینے کیلئے نئی پالیسی تیار کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ لیز کے ریٹس پر بھی نظرثانی کا فیصلہ کیا گیاجس کے مطابق لیز کے نرخوں کو مارکیٹ کے موجودہ ریٹ کے مطابق بنایا جائے گا-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کوآپریٹو کے اثاثوں اور جائیدادوں پر قابض افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور قبضے واگزار کرانے کے لئے موثر انداز میں آپریشن شروع کیا جائے -حکومت قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن میں محکمہ کوآپریٹو کو مکمل سپورٹ کرے گی-وزیر اعلی نے کوآپریٹو کے اثاثوں اور جائیدادوں کی فزیکل تصدیق کرانے کی بھی ہدایت کی-وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کوآپریٹو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتیوںکا عمل جلد مکمل کیا جائے اور بورڈ آف ڈائریکٹر ز کیلئے قواعد و ضوابط کے تحت نامزدگیاں کر کے سمری بھجوائی جائے اورکوآپریٹو بینک کو بینکنگ سیکٹر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں- وزیر اعلی نے بارانی اضلاع کے لئے ٹریکٹرسکیم کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریکٹر سکیم کے اجراء کیلئے مربوط پالیسی مرتب کرکے فوری کام شروع کیا جائے-وزیر اعلی نے کہا کہ ٹریکٹر سکیم کے آغاز سے کاشتکاروں کو فائدہ ہو گا-ہماری حکومت کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی- انہوں نے کہا کہ محکمہ کوآپریٹو کو نئے تقاضوں کے تحت زرعی ترقی کے لئے کام کرنا ہے اورمحکمے کو متحرک انداز میں اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے- وزیر اعلی کو محکمہ کوآپریٹو، پنجاب کوآپریٹو بینک اور لیکویڈیشن بورڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی-صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم ، ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری کوآپریٹو ، رجسٹرار کوآپریٹو، چیئرمین پنجاب کوآپریٹو بورڈ آف لیکویڈیشن اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں