رحیم یار خان ، گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑادی گئی,سپلائی معطل ہونے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی

Spread the love

کراچی تا اسلام آباد صنعتوں، گھریلو صارفین اور گیس اسٹیشنز کو ری لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) فراہم کرنے والی پائپ لائن کو رحیم یار خان میں بم حملے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ۔آگ کے باعث قریبی آبادی کو خالی کرالیا گیا۔ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کے ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جسے صادق آباد میں بھونگ روڈ پر بھونگ سوئی گیس رپیٹر اسٹیشن کے قریب نصب کیا گیا تھا اس سلسلے میں ایس این جی پی ایل کے چیف انجینئر ٹرانسمیشن محمد شعیب نے بتایا کہ آر ایل این جی کی 36 انچ قطر اور 0.588 انچ موٹائی کی پائپ لائن ایک سال قبل کراچی سے اسلام آباد تک گیس اسٹیشنوں اور گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کیلئے بچھائی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات دہشت گردوں نے 3 فٹ گہرا گڑھا کھود کر آر ایل این جی پائپ لائن پر ایک ڈیوائس نصب کی جس سے پائپ لائن میں دھماکا ہوا۔محمد شعیب نے بتایا کہ یہ واقعہ رات دوبج کر 40 منٹ پر پیش آیا جس کے بعد سسٹم پر 3 بج کر 5 منٹ تک قابو پالیا گیا تاہم پائپ لائن کی مرمت کر کے بحال کرنے میں 48 گھنٹے تک لگ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں