جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی پر تحقیقات کی جائے گی

Spread the love

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی پر تحقیقات کی جائے گی۔ گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار ہونا انتہائی مایوس کن ہے۔ کھلاڑیوں سے اتنے خراب نتائج کی توقع نہیں تھی۔ شائقین بھی گرین شرٹس کی کارکردگی پر اپ سیٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مایوس کن شکست کی وجوہات جاننے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سربراہ پی سی بی اس حوالے سے پہلے ہی کرکٹ کمیٹی کو ہدایت دے چکے ہیں کہ سیریز میں کہاں غلطیاں ہوئیں، اس پر جامع رپورٹ مرتب کی جائے۔ کرکٹ کمیٹی میں چیئرمین محسن خان کے علاوہ سابق کپتان وسیم اکرم ، مصباح الحق اور قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز شامل ہیں۔ احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے بھی وسائل اور انفرا سٹرکچر فراہم کرنے کی کوشش کر یں گے جبکہ مزیدخواتین کرکٹرز کو سامنے لانے اور نئی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں